گلبرگہ6؍جون( اعتماد نیوز): حیدرآباد کرناٹک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز گلبرگہ کے صدر رادھا کشن رگھوجی ، سابق صدر امرناتھ پاٹل ایم ایل سی نے گلبرگہ ائیر پورٹ کے تعمیری کام کو جلد مکمل کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی سے پرزور نمائندگی کی ہے ۔ ان دونوں نے مشترکہ طور پر نریندر مودی کو مکتوب لکھتے ہوئے گلبرگہ ائیر پورٹ کے تعمیری کام کے تعطل کا شکار ہونے کی تفصیلات اور ائیر پورٹ کی ضرورت و اہمیت کو اُجاگر کیا ہے ۔ مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ گلبرگہ تاریخی و روحانی سیاحتی شہر ہونے کے
علاوہ تجارتی و تعلیمی سرگرمیوں کو اہم مرکز بھی ہے ۔ 2یونیورسٹیوں ،3میڈیکل،2ڈینٹل کالجس متعدد فارمیسی ، انجینئرنگ ، پالی ٹیکنیک ، بی ایڈ کالجس،30سے زائدڈگری کالجس گلبرگہ میں موجود ہیں ۔ آئے دن ملک بھر سے اولیاء طلباء تعلیمی و تجارتی شخصیات، سیاحوں و زائرین کے علاوہ مرکزی و ریاستی وزراء اعلیٰ عہدیداران کی گلبرگہ آمد رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔ اسی لئے گلبرگہ میں ائیر پورٹ کے جلد آغاز کی اشد ضرورت ہے ۔ مکتوب میں وزیر اعظم نریندر مودی سے فوری مداخلت کرتے ہوئے گلبرگہ ائیر پورٹ کے تعمیری کام میں درپیش رکاؤٹیں دور کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔